فیصل آباد۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نو منتخب صدر یحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ چیمبر ممبران کے مسائل کے حل اور انہیں تمام ممکن کاروباری و تجارتی سہولیات کی فراہمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، کوئی غلط کام نہ خود کریں گے اور نہ ہی کسی اور کو کرنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے …
چیمبر ممبران کے مسائل کے حل کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، صدر ایف سی سی آئی
فیصل آباد۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نو منتخب صدر یحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ چیمبر ممبران کے مسائل کے حل اور انہیں تمام ممکن کاروباری و تجارتی سہولیات کی فراہمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، کوئی غلط کام نہ خود کریں گے اور نہ ہی کسی اور کو کرنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی سی آئی کے اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں کیا۔انہوں نے اپنے انتخاب پر تمام ووٹرز، بزنس کمیونٹی اور الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے چیمبر کو مزید آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔
ا ن کا کہنا تھا کہ چیمبر کے فنڈز ممبران کی امانت ہیں اور وہ بطورکسٹوڈین ان کی مکمل حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات بہت مشکل ہیں مگر بہت سے معاملات ہمارے اختیار میں نہیں۔ انہوں نے ممبران کو یقین دلایا کہ وہ اِن مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے فیصل آباد چیمبر کے صدرڈاکٹر خرم طارق کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ممبروں سے کہا کہ وہ اپنے مسائل اپنے نمائندوں کو بتائیں جو چیمبر کی ایگزیکٹو میں شامل ہیں تاکہ ہم ان کو حل کرنے کی عملی کوششیں کرسکیں۔ انہوں نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ایک سال کا جامع پلان تیار کر رہے ہیں جس کو ممبران اور میڈیا سے بھی شیئر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خرم طارق کے دور میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے وہ ترقی کی جو گزشتہ 30سالوں میں بھی ممکن نہ تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خرم طارق کے دور میں ہی فیصل آباد چیمبر ملک کا پہلا ای چیمبر بنا جو باضابطہ طور پر ڈی جی ٹی او اور ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹربھی ہے، ان تمام کامیابیوں کا سہرا ڈاکٹر خرم طارق اور اُن کی ٹیم کو جاتا ہے اور ان کی وجہ سے اس شہر کی عزت و وقار میں بھی اضافہ ہوا۔ انہوں نے چیمبر میں جمہوری عمل کو جاری رکھنے کے عزم کابھی اظہار کیا۔









