وکلا کے خلاف مقدمات پر احتجاج، لاہور بار نے ہڑتال دو روز کے لیے موخر کر دی

لاہور بار ایسوسی ایشن نے سابق نائب صدر لاہور بار شفاقت امین سندھو سمیت دیگر وکلا کے خلاف درج مقدمات کرنے والے ذمہ دارافرادکے خلاف ماتحت عدالتوں میں جاری ہڑتال دو روز کے لیے موخر کردی اور اعلان کیا ہے کہ وکلا کے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں22 اور23 جون کو آئی جی آفس تک ریلی نکالنے اور وہاں پرامن احتجاج کیا جائے گا،لاہور بار ایسوسی ایشن کے …

لاہور۔19جون (اے پی پی):لاہور بار ایسوسی ایشن نے سابق نائب صدر لاہور بار شفاقت امین سندھو سمیت دیگر وکلا کے خلاف درج مقدمات کرنے والے ذمہ دارافرادکے خلاف ماتحت عدالتوں میں جاری ہڑتال دو روز کے لیے موخر کردی اور اعلان کیا ہے کہ وکلا کے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں22 اور23 جون کو آئی جی آفس تک ریلی نکالنے اور وہاں پرامن احتجاج کیا جائے گا،لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان حیات باجوہ نے کہا ہے کہ وکلا برادری نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہڑتال دو روز کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پولیس حکام نے وکلا کے مطالبات تسلیم نہ کیے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی نہ کی تو پیر اور منگل کے روز وکلا آئی جی آفس تک ریلی نکالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ22 اور23 جون کو آئی جی آفس کے باہر پرامن احتجاج بھی کیا جائے گا۔صدر لاہور بار نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق نائب صدر لاہور بار سمیت دیگر وکلا کے خلاف درج مقدمات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور زمین پر مبینہ قبضے کے معاملے کا بھی نوٹس لیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور بار کے وکلا سابق نائب صدر سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے اور زمین پر مبینہ قبضے کے معاملے کے خلاف ہڑتال کر رہے تھے، تاہم مذاکرات کے لیے ہڑتال عارضی طور پر دو روز کے لیے موخر کر دی گئی ہے۔