افغانستان میں خوراک کی کمی اور انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،وزیر مملکت زرتاج گل

381
افغانستان میں خوراک کی کمی اور انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،وزیر مملکت زرتاج گل

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے عالمی طاقتوں سے افغانستان میں خوراک کی کمی اور انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے اجتماعی مفادات کیلئے امن و سکون کی علامت ہے۔

اتوار کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کو کھانے پینے کی اشیا، طبی سامان، کمبل اور لحاف سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

زرتاج گل نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو جائے اور اس مشکل وقت میں افغانستان میں اپنے مسلمان بھائیوں کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موثر سفارتکاری کے ذریعے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کیلئے اپنا زبردست کردار ادا کر رہا ہے،

اسلام آباد میں او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کا انعقاد اس کی بہترین مثال ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کا مقصد افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کیلئے فوری امداد اور وسائل کو متحرک کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو اس معاملے کی حساسیت کا ادراک کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔