اللہ کے مہمانوں کو اعلیٰ ترین معیاری خدمات کی فراہمی مملکت کے روشن اور مہذب تشخص کی عکاس ہے ، امام کعبہ

43

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):حرمین الشریفین کے انتظامی ادار ے (جی پی ایچ) کے سربراہ اور امام کعبہ عبدالرحمان ابن عبدالعزیز السدیس نے کہا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو اعلیٰ ترین معیاری خدمات کی فراہمی مملکت کے روشن اور مہذب تشخص کی عکاس ہے اور انتظامیہ زیادہ سے زیادہ حجاج اور عمرہ زائرین کو ہرممکن بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ بھرپور طور پر اپنے مذہبی فرائض سرانجام دے سکیں، اس سلسلہ میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دیگر ممالک کے ساتھ شراکت کی جاری ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم جدید عالمی معیارات کے مطابق حرمین الشریفین میں خدمات کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ آب زم زم کی تقسیم کے روبوٹ پراجیکٹ کے علاوہ وزیٹر تعارفی روبوٹ اور جراثیم کش روبوٹ سپرے کورونا وباء کے بعد بڑی کامیابیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویۖ ﷺکے امور کی جنرل پریذیڈنسی حجاج اور عمرہ زائرین کی سہولیات اور خدمات کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بعد انٹیلی جینٹ ٹیکنالوجی بروئے کار لا رہی ہے۔ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہاکہ انٹیلی جینٹ ڈس انفیکشن روبوٹ 64لٹرز سے زائد پانی کے ساتھ چار گھنٹے تک کام کرسکتا ہے اور فی گھنٹہ دو ہزار مربع میٹر سے زیادہ حصہ کو صاف کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس روبوٹس اور جدید ٹیکنالوجی کا مقصد انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے موثر کردار میں اضافہ کرنا ہے تاکہ انتہائی عالمی معیارات کے مطابق مسجد الحرام میں آنے والے لوگوں کیلئے خدمات کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث ہر سطح پر لوگوں کو ایک نیا طرز حیات اختیار کرنا پڑا اور مسجد الحرام دنیا میں سب سے مقدس ترین جگہ ہے جہاں آنے کی دنیا بھر کے مسلمان دلی خواہش رکھتے ہیں اس لئے جنرل پریذیڈنسی نے کورونا وباء کے دوران یہ اقدامات اختیار کئے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل پریذیڈنسی نے عملی اقدامات کے ساتھ لائحہ عمل اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پریذیڈنسی نے خدمات کی فراہمی کیلئے بہترین مہارت اور انسانی وسائل کے موثر انتظام کو یقینی بنانے کیلئے جدت آمیز ٹیکنالوجیکل ذرائع، کمپیوٹر سافٹ ویئر اور بزنس انٹیلی جنس کا استعمال کیا اور ان کوششوں کے مثبت اثرات برآمد ہوئے۔