الیکٹرک وہیکلز پالیسی تمام فریقین کی مشاورت سے جلد مکمل کرکے کابینہ میں پیش کی جائے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت

11

لاہور۔14جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی تمام فریقین کی مشاورت سے جلد مکمل کرکے کابینہ میں پیش کی جائے،ملک میں الیکٹرک موٹرسائیکلز، اسکوٹیز، تھری ویلرز، گاڑیوں اور بسوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں الیکٹرک ویکلرز کی صنعت اور ان کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے پالیسی سازی و لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں الیکٹرک ویکلز پالیسی 2025 کے مسودے پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک موٹرسائیکلز، اسکوٹیز، تھری ویلرز، گاڑیوں اور بسوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،الیکٹرک وہیکلز کے لئے چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سواپنگ اسٹیشنز کے قیام کو بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں ٹو ویلرز اور تھری ویلرز کی تیاری کی استعداد بڑھانے کیلئے صنعتوں کو اس حوالے سے سہولت فراہم کی جائے۔وزیرِ اعظم نے الیکٹرک ویکلز پالیسی تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد مکمل کرکے کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔