امریکا، پاکستانی سفیر مسعود خان کی کانگریس کی خاتون رکن میلانی سٹینز بری سے نیو میکسیکو میں ملاقات ،آبی وسائل کے انتظام بارے بات چیت کی

325
Masood Khan

واشنگٹن۔5ستمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکی کانگریس کی خاتون رکن میلانی سٹینز بری سے نیو میکسیکو کے شہر البوکیورکیو میں ملاقات کی اور آبی وسائل کے انتظام کے معاملے پر بات چیت کی۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ ہمارا ملک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جس میں آبی وسائل کے انتظام کا مسئلہ بھی شامل ہے جو آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے خاص طور پر زرعی شعبے کے لیے بہت اہم اور ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیو میکسیکو ایکسٹریکٹو انڈسٹری، ہیلتھ کیئر، فارماسوٹیکل اور ٹیک سٹارٹ اپس میں باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری قائم کر سکتے ہیں۔مسعود خان جو نیو میکسیکو کے 3 روزہ دورے پر ہیں، نے وہاں پاکستانی نژاد امریکی شہری محمد افضل حسین کے قتل کیس کے دوران، خاص طور پر گزشتہ سال پاکستانی نژاد امریکیوں کی مسلسل حمایت پر کانگریس کی خاتون رکن میلانی سٹینز بری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی مسلسل حمایت نے المناک واقعے کے بعد تارکین وطن کا اعتماد بحال کرنے میں مدد کی۔اس موقع پر میلانی سٹینز بری نے کہا کہ ہم نیو میکسیکو میں پاکستانی کمیونٹی کو اپنی ثقافت کا حصہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی شہری محمد افضل حسین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل وقت تھا اور یہ یقینی طور پر ایک بہت بڑا نقصان تھا۔ انہوں نے اپنی مہم کے دوران ان کے تعاون اور کمیونٹیز کے لیے ان کی جانب سے فراہم کی گئی مدد کو یاد کیا ۔

پاکستانی سفیر نے نیو میکسیکو کی اعلیٰ قیادت کے ریاست میں اقلیتوں کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم کو سراہا۔ سفیر نے کانگریس کی خاتون رکن میلانی سٹینز بری کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔