واشنگٹن۔27مارچ (اے پی پی):امریکا میں مہلک کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ8 لاکھ 53 ہزارسے زائد ہوگئی جبکہ ملک بھر میں 13 کروڑ 33 لاکھ افراد کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لگادی گئی ہے۔ ہفتہ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد5 لاکھ61 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد30853032 ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد7016622 ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، امریکا کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی دیگر ملک سے زیادہ ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 561142 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد27 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر کے دوران بھی امریکا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ23275268 سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔امریکا میں اب تک 133305295افراد کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس سے امریکا کی کیلیفورنیا، نیویارک اور نیو جرسی سمیت کئی ریاستیں سخت متاثر ہوئی ہیں۔