لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ بد قسمتی سے اپوزیشن جس شاخ پربیٹھی ہے اسے ہی کاٹ رہی ہے۔
اپوزیشن کا رویہ موجودہ حالات کے تناظر میں قومی مفادات کے متصادم ہے۔اپوزیشن جماعتوں نے اپنی خفت مٹانے کی خاطر احتجاج کا سہارا لیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کوروناہو یا ڈینگی یا کوئی اور قومی چیلنج، اپوزیشن عناصر نے قومی مفادات کو ہمیشہ فراموش کیا۔
اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔ پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے غیر ذمہ دارانہ منفی رویے کوکبھی معاف نہیں کرے گی۔اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں ۔اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست کررہی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا صرف اورصرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔حکومت مدت پوری کرے گی۔ سازشی عناصر پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں،افراتفری نہیں۔انتشار پھیلانے والوں کی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہوچکی ہے۔