اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور و امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس سی او کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شر یف مبارکباد کے مستحق ہیں۔
یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایس سی او کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز اور پاکستان کی دنیا میں بڑھتی ہوئی عزت کی گواہی ہے۔امیر مقام نے کہا کہ جون 2017 میں وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایس سی او کا رکن بنا تھا۔امیر مقام نے کہا کہ سات سال بعد وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہے ہیں،پاکستان ایس سی او کا متحرک اور اہم رکن ہے،ایس سی او سر براہی اجلاس کا جاری کیاگیا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اجلاس میں پائیدار ترقی کے لئے تجاویز منظور کی گئیں ، ایس سی او کی کامیابی پاکستان کے لئے بہت بڑا سفارتی سنگ میل ہے،پاکستان معاشی اور سیاسی استحکام کے راستے پر گامزن ہے۔