ایوان بالاتمام صوبوں کوبرابرنمائندگی فراہم کرتاہے،ایوانِ بالا پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانےکےلئےکوشاں ہے،چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی

Chairman Senate
Chairman Senate

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایوان بالا تمام صوبوں کو برابر نمائندگی فراہم کرتا ہے،ایوانِ بالا پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ا ن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے صوبے کے ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے سلسلے میں رابطہ کاری کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے حوالے سے ایوان بالا کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ ایوان بالا ایک ایسا فورم ہے جو تمام صوبوں کو برابر نمائندگی فراہم کرتا ہے۔ ایوانِ بالا پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے کوشاں ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے گورنر کو سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے انتظامات پر بھی آگاہ کیا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گولڈن جوبلی کو سادہ اور پروقار طریقے سے منایا جائے۔ سینیٹ کی گولڈن جوبلی ایک تاریخی موقع ہے اور یہ ہمیں قومی یکجہتی کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

 گورنر خیبر پختونخوا نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معاونت اور رابطہ کاری پر زور دیا۔ حاجی غلام علی نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے صوبہ بھر بالخصوص ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔