اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی): قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے لئے پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ بابراعظم نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر آئوٹ آف فارم ویرات کوہلی کے حق میں اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’یہ وقت بھی گزر جائے گا، مضبوط رہیں‘‘۔ انہوں نے ویرات کوہلی اور اپنی تصویر بھی پیغام کے ہمراہ شیئر کی۔
بابراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ویرات کوہلی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، ایک کھلاڑی کی حیثیت سے میں جانتا ہوں کہ ہر پلیئر پر مشکل وقت آتا ہے، اگر کھلاڑی کی پشت پناہی کی جائے تو وہ اس سے باہر آسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ویرات کوہلی حالیہ عرصہ میں خراب پرفارمنس کے باعث تنقید کی زد میں ہیں، انہوں نے 2019ء سے کسی بھی فارمیٹ میں کوئی سنچری سکور نہیں کی ۔
سابق کرکٹرز اور سوشل میڈیا صارفین نے بابراعظم کے ٹویٹ پر ان کو خوب سراہا ہے۔ سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ” کلاس ایکٹ بابراعظم”۔ سابق پاکستانی وکٹ کیپر راشد لطیف نے بابراعظم کی پوسٹ پر اپنے ردعمل میں کہاکہ دو عظیم کھلاڑی ایک ساتھ۔ بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے کہا کہ بابراعظم آپ ہیرو ہیں۔ ایک بھارتی صارف چندریش نارائنن نے کہا کہ بابراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ سے لاکھوں مداحوں کے دل جیت لئے ہیں اور انہوں نے تاریخ رقم کردی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=317525