تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کروائے جائیں، الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات میں مداخلت سے گریز کیا جائے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد اتفاق رائے سے منظور

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے، الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہ کرنے اور اجتماعی دانش کے حامل دستوری معاملات کی سماعت فل کورٹ کے ذریعے کرنے کی قرارداد منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جو اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

قراداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سیاسی معاملات میں عدلیہ کی بے جا مداخلت کو سیاسی عدم استحکام کا باعث سمجھتا ہے۔ یہ ایوان ازخودنوٹس کیس 1/2023 میں چار جج صاحبان کے فیصلے اور رائے کی تائید کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے توقع رکھتا ہے کہ اعلی عدلیہ سیاسی و انتظامی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے گی۔ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد، خود مختار آئینی ادارہ ہے جو آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت شفاف اور آزادانہ انتخابات کرانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات میں مداخلت نہ کی جائے اور الیکشن کمیشن کو اس کی صوابدید کے مطابق سازگار حالات میں الیکشن کا انعقاد کرانے دیا جائے۔

قراراد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان یہ بھی قرار دیتا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ آرٹیکل 218 کی رو سےشفاف اور آزادانہ انتخابات کیلئے آرٹیکل 224 پر مکمل طور پر عمل کرتے ہوئے تمام اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت غیر جانبدار نگراں حکومتوں کے تحت ہونے چاہئیں تاکہ حقیقی سیاسی استحکام کی طرف بڑھا جا سکے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ وہ دستوری معاملات جن میں اجتماعی دانش درکار ہو اور اس کا مطالبہ بھی آ جائے، ایسے معاملات کی سماعت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ کرے۔ سپیکر نے قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔