جامعہ تربت کے وائس چانسلر کی ڈاکٹر عبدالقیوم کو شاندار تعلیمی کامیابی پرمبارکباد

69
جامعہ تربت کے وائس چانسلر کی ڈاکٹر عبدالقیوم کو شاندار تعلیمی کامیابی پرمبارکباد

کوئٹہ۔ 17 جنوری (اے پی پی):جامعہ تربت کے شعبہ اکنامکس کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم نے یونیورسٹی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ملائیشیا کی یونیورسٹی آف ملایا سے پی ایچ ڈی مکمل کر کے ایک اہم تعلیمی سنگ میل حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اسی ہفتہ ملائیشیا کی یونیورسٹی آف ملایا میں کامیابی کے ساتھ اپنے پی ایچ ڈی مقالہ کا دفاع کیا۔

جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن ،یونیورسٹی کے فیکلٹی ارکان اور انتظامی عملہ نے ڈاکٹر عبدالقیوم کو ان کی شاندار تعلیمی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وائس چانسلر نے جامعات کی ترقی میں قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی ارکان کے اہم کردار پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاہے کہ ہمارے نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی ارکان جامعہ تربت کی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کا عزم، علمی صلاحیتیں اور تحقیقی سرگرمیوں میں ان کی شاندار کارکردگی قابل تعریف ہے۔ڈاکٹر عبدالقیوم کی تحقیق پاکستان میں اہم سماجی، اقتصادی اور گورننس کے مسائل پر روشنی ڈالتی ہے، ان کا تحقیقی کام خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، آمدنی میں عدم مساوات کو کم کر نے اور گورننس کے مسائل کو حل کرنے سمیت پاکستان کی پائیدار ترقی پرمبنی ہے۔

وائس چانسلر کا کہناہے کہ جامعہ تربت کو اپنے فیکلٹی ارکان پر بے حد فخر ہے جو تعلیمی اور تحقیقی میدان میں گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔