اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):عالمی بینک نے کہاہے کہ پاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب کے بعد تعمیرنو اوربحالی کے عمل میں عالمی بینک پاکستان کے ساتھ تعاون میں پرعزم ہے۔ یہ بات جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزرنے اپنے ٹویٹس میں کہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیلاب کے بعد پیداہونے والے بحران میں پاکستانی عوام کی مددکے حوالہ سے عالمی بینک پرعزم ہے۔
انہوں نے کہاکہ تعمیرنو اوربحالی کے عمل میں عالمی بینک 2 ارب ڈالرکی معاونت فراہم کررہاہے جوتعمیر نووبحالی کی مجموعی ضروریات (16.2 ارب ڈالر) کا 12 فیصد بنتا ہے۔مارٹن ریزرنے جنیوامیں اقوام متحدہ اورحکومت پاکستان کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ کلائمٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کوسراہتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانفرنس مفید اورثمر آور ثابت ہوئی ہے، ہم نے اپنے شراکت داروں سے پاکستان کے ان لاکھوں متاثرہ لوگوں کی امداد اوربحالی کے طریقوں پربات کی ہے جو بدترین سیلاب کے کئی مہینوں بعد بھی مشکلات کا شکارہیں۔