اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے کم آمدن والے طبقے کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، موجودہ بجٹ عوام دوست اور متوازن بجٹ ہے، بجٹ میں ملک کے غریب عوام کے لئے مزید مراعات مختص کی گئی ہیں، پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ایجنڈا ذاتی مفادات پر مبنی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک کی معیشت کا برا حال تھا، حکومت نے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جبکہ اب ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے کم آمدن والے طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے احساس پروگرام کے ذریعے ایک سنجیدہ آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تربیت دینے کے لئے مقامی سطح پر ہنر مند لیبر پروگرام شروع کیا جائے گا ،
جس سے لیبر مارکیٹ میں ملازمتوں کے حصول میں مدد ملے گی اور ان منصوبوں کے ذریعے بیروزگاری کا دبائو بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ بجٹ ترقیاتی بجٹ ہے، جس سے برآمدات، صنعت اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا، حکومت نے موجودہ بجٹ میں ملک کے غریب عوام کے لئے مزید مراعات مختص کی ہیں، گزشتہ حکومتوں کے مقابلے ملک میں فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔