دوسری نیشنل سٹوڈنٹس گیمزکی شاندار افتتاحی تقریب، ملک بھر کے طلبہ کی بھرپور شرکت

131

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):دوسری نیشنل سٹوڈنٹس گیمز کا لیاقت جمنازیم میں افتتاحی تقریب کے ساتھ شاندار آغاز ہو گیا، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد اسلام کے 101 سالہ والد چوہدری مبارک علی نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کے ہمراہ گیمز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام، پاکستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں، سیکرٹری جنرل راناتنویراحمد، آرگنائزنگ سیکرٹری فدا محمد خان ، خیبرپختونخوا اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بحر کرم، سیکرٹری ارشد حسین، پاکستان کیچ بال فیڈریشن امہ لیلی کلثوم سمیت مختلف سفارت کاروں اور کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

گیمز میں 16 کھیلوں کے مقابلوں رکھے گئے ہیں جن میں ایتھلیٹکس،آرچری، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، کیچ بال، سائیکلنگ ، چیس(شطرنج) فٹ سال، فٹ بال، جمناسٹک، روپ سکپنگ، سکیٹنگ، ٹیبل ٹینس، تھرو بال، رسہ کشی اور والی بال کے کھیل شامل ہیں۔ گیمز میں ملک بھر سے تعلیمی اداروں یونیورسٹیز، کالجز اور سکولز کے طلباء وطالبات کی ٹیمیں حصہ لے رہے ہیں۔ گیمز میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ نیشنل اسٹوڈنٹس گیمز ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے شاندار اقدام ہے، طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں شرکت بھی بے حد ضروری ہے

کیونکہ یہ نہ صرف جسمانی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ ذہنی صلاحیتوں کو بھی جِلا بخشتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل اسٹوڈنٹس گیمز کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے اور ایسے مقابلے مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ مقبول آرائیں نے حکومت

پاکستان اسپورٹس بورڈ اور تمام تعلیمی اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ گیمز مزید کامیاب ثابت ہوں گی۔ انہوں نےتیسری نیشنل سٹوڈنٹس گیمزکوپشاورمیں منعقد کرانے کااعلان کیااورکہاکہ اس مرتبہ بڑی تعدادمیں تعلیمی اداروں کےطلبہ وطالبات کوموقع دیں گے۔