سابق سلیکٹڈ وزیراعظم نے سائفر پر جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کیا ، انکی کھوکھلی اور جھوٹ پر مبنی عمارت زمین بوس ہو گئی ، خرم دستگیر

111
خرم دستگیر

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سابق سلیکٹڈ وزیراعظم کی طرف سے سائفر پر جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کیا گیا اور ان کا یہ جھوٹ اب قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹی وی پربیٹھ کر قوم کے سامنے اعتراف کیا کہ سائفر گم ہو گیا ہے ، عمران خان کی کھوکھلی اور جھوٹ پر مبنی عمارت زمین بوس ہو گئی ہے،قوم سے استدعا ہے بے حیائی کی حد تک جھوٹ بولنے والوں سے محفوظ رہیں ۔

جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری نے بھی اقبالی بیان میں اعتراف کیا کہ سائفر گم ہو گیا ہے ،اب یہ بات قوم کے سامنے آ گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کو منفی سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا،سابق سلیکٹڈ وزیراعظم کی طرف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شدید انداز میں خلاف ورزی کی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم اور نوجوانوں کو جھوٹ کے ذریعے گمراہ کیا گیا،قوم ملکی راز کو غائب کرنے والوں کو پہچانے ، سفارتی مراسلے کو ذاتی مقاصد کیلئے عوامی جلسوں میں لہرایا گیا، جو سائفر ہوا میں لہرایا گیا اس پر واضح لکھا ہوتا ہے کہ یہ سیکرٹ دستاویز ہے، ہر حکومتی عہدےدار ملکی راز وں کو پبلک نہ کرنے کا حلف اٹھاتا ہے جبکہ عمران خان کی طرف سے اس حلف کی بھی خلاف ورزی کر کے ملکی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچایاگیا ، انہوں نے مزید کہا کہ مالی نقصان پورا کیا جا سکتا ہے لیکن ساکھ کا نقصان پورا نہیں ہوتا۔ خرم دستگیر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام ،حکومت اور ملک کےمفاد سےکھلواڑ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق سلیکٹڈ وزیراعظم نے آئین کے مطابق حلف کی خلاف ورزی کی،حساس مراسلوں کو ملک کے صرف چار اعلیٰ عہدیدار لوگ پڑھتے ہیں،ہر روز درجنوں سفیر ملک کو مراسلے بھجواتے ہیں،عمران خان کی طرف سے جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ امریکہ نے حکومت گرانے کیلئے پیسے دئیے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملکی ساکھ کو بری طرح تباہ کیا ہے،حلف کی خلاف ورزی کرنے پر سابق وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان کی گواہی سے واضح ہو گیا کہ قوم کو بہکایا گیا تھا، یہ پاکستان کی سلامتی کا معاملہ ہے جس پر قانونی کارروائی ہو گی اور اس سلسلے میں پختہ شواہد اور ثبوت اکھٹے کرنے کے بعد عدالتوں کا رخ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو پہنچنے والے نقصان کو محنت سے درست کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے، اب تو مارچ 2022 میں کیا گیا سائفر کا ڈرامہ بھی زمین بوس ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص نے نوجوانوں کو گمراہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جبکہ حلف میں یہ واضح لکھا ہوتا ہے کہ خفیہ معاملات پبلک نہیں کئے جا سکتے۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس اور عدالتوں کےتقدس کو پامال کیا اور 9مئی کو پاکستان کے تقدس کےاوپر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے ملوث کارکنان اور لیڈرشپ کو گرفتار کیا گیا اس کے علاوہ موجودہ حکومت نے پی ٹی آئی کے کارکنان کو کسی اور معاملے میں گرفتار نہیں کیا ۔