سعودی عرب میں 93 ویں قومی دن کا جشن منانے کے لیے تیاریاں جاری

91
سعودی عرب میں 93 ویں قومی دن کا جشن منانے کے لیے تیاریاں جاری

جدہ ۔22ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں 93 ویں قومی دن کا جشن روایتی جوش و جذبے سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں 93 قومی دن کا سب سے بڑا جشن دارالحکومت ریاض میں منایا جائے گا جہاں محکمہ تفریحات کی جانب سے متعدد پروگرام مرتب کیے گئے ہیں۔

محکمہ تفریحات نے کہا ہے کہ ریاض، طائف، باحہ، عسیر اور تبوک میں 23 ستمبر کو سپیشل پروگرام ہوگا جسے خوابوں سے آگےکا نام دیا گیا ہے۔پروگرام کے تحت سول اورعسکری طیارے 23 ستمبر کو سعودی پرچم کا شو پیش کریں گے۔ اس سے قبل جدہ کے شمالی کورنیش پر عسکری طیارے قومی دن کے حوالے سے ائیر شو پیش کرچکے ہیں۔

27 ستمبر کو الخبر کورنیش پر اسی طرح کا شو پیش کیا جائے گا۔ جشن میں سرکاری اور نجی ادارے،وزارت دفاع، وزارت داخلہ، وزارت نیشنل گارڈز، ریاستی سلامتی کا اعلی ادارہ، محکمہ شہری ہوابازی، مطارات کمپنی، سعودی فضائی خدمات کمپنی، سعودی ایئر کلب اور سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ)شرکت کریں گے۔