میڈیا نے سیاسی مسائل بارے آگاہی پھیلانے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ملکی ترقی میں شعبہ صحافت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا ایک دوسرے کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے،میڈیا کمیونٹی نے قومی اور بین الاقوامی سیاسی مسائل کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پھیلانے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے یہ بات سنتے آرہے ہیں کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے تاہم موجودہ چیلنجز کو دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ واقعی ہی پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے میڈیا بھی اپنا مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور پاکستانی ہر ایک کو ملک کو چیلنجز سے نکالنے کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے معاشرے میں برداشت اور تحمل پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عدم برداشت کے رویے کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ملک میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔

انہوں نے پی ایف یو جے کے ممبران کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے پلیٹ فارم پر صحافیوں کو درپیش مسائل کو بیان کرنے اور ان کا حل تلاش کرنے کے لئے مدعو کرنے کا کہا۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین کی پاسداری پاکستان میں ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کو ختم کرنا اور اس کی حوصلہ شکنی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی کرنا میڈیا کا فرض ہے کیونکہ صحافیوں کے پاس قلم کی طاقت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صحافت کا شعبہ پارلیمنٹ کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریس گیلری کے بغیر پارلیمنٹ کے ایوانوں کی کاروائی مکمل نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام یادگار دنوں کو بڑی شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ آئندہ یوم صحافت کو خصوصی طور پر منانے کا عزم رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 19 نومبر کو دنیا بھر میں صحافت کے عالمی دن کے موقع پر قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم پر اس دن کو خصوصی طور پر منایا جائے گا اور اس دن کے لئے میڈیا کی ملک بھر میں قائم تنظیموں کے نمائندوں کو خصوصی طور مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے صدر پی ایف یو جے نواز رضا کی صحافتی برادری کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وہ صحافتی برادری کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور)اے ایچ خانزادہ نے ملک بھر میں میڈیا کمیونٹی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صحافتی برادری کے ساتھ گہری وابستگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ صحافی برادری کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صحافتی برادری ملک کے وسیع تر مفادات کی خاطر اسپیکر قومی اسمبلی کے وژن کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صحافی برادری کو شدید مسائل کا سامنا ہے اور انہیں بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ صدر پی ایف یو جے نواز رضا نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی ملکی ترقی کی کنجی ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ بعد ازاں پی ایف یو جے کے میڈیا نمائندوں نے قومی اسمبلی کے ہال کا دورہ بھی کیا۔