شمالی وزیرستان میں دو مختلف آپریشنز میں 9 خوارج دہشت گرد ہلاک،آئی ایس پی آر

152
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے اضلاع میں دو مختلف کارروائیوں میں 9 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز کی طرف سے عمومی علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا،آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں 6 خوارج کو جہنم واصل کیاجب کہ دو خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔

انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکورٹی فورسز نے 3 خوارج کو ہلاک جبکہ دو خوارج زخمی ہو ئے۔ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اورگولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جا رہی ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔