اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وفد کی قیادت میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے چیئرمین میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمٰن سے ملاقات کی اور بزنس کمیونٹی کو کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان نے کہا کہ ان کا ادارہ کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے متعدد مشترکہ کوششیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کے چیلنجوں سے نمٹنے اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے میں مدد فراہم کرنا ان کے ادارے کی اہم ترجیح ہے۔
انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جامع ریگولیٹری فریم ورک کی ترقی کی وجہ سے مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے صارفین کو سستی اور اعلیٰ معیار کی سروسز فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کیلئے معقول منافع کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے شعبے نے گزشتہ 5 سالوں کے دوران 29 فیصد کی غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے ملک کی 90 فیصد آبادی کو موبائل سروسز دستیاب ہیں جبکہ براڈ بینڈ صارفین کی تعداد13کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پی ٹی اے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے اور مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کوریج، رسائی اور سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔
اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ موجودہ سخت مقابلے کے کاروباری ماحول میں کاروباری اداروں کے لئے سستی ٹیلی کمیونیکیشن سروسز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی دستیابی بہت ضروری ہے لہذا پی ٹی اے ان چیزوں کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل براڈ بینڈ سروسز کی معطلی سے کاروباری اداروں کو موبائل ایپ کے ذریعے کاروبار لین دین کرنے میں بہت دشواری ہوتی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی اے کاروبار کو نقصان سے بچانے کے لئے اس مسئلے کا پائیدار حل نکالے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کے اہم ڈیٹا کے تحفظ کے لیے بہتر سائبر سیکیورٹی کا انتظام ضروری ہے اور اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی اے اس سلسلے میں مزید اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موبائل فونز اور ان کے پرزوں کی مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے لہذا پی ٹی اے موبائل فون کی مقامی پیداوار کو فروغ دینے اور اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ریگولیٹری فریم ورک میں مزید اصلاحات لائے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور ایس ایم ایز کو براڈ بینڈ کے پرکشش پیکجز فراہم کرنے کے لئے پی ٹی اے کردار ادا کرے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ڈیجیٹل اکانومی اور برآمدات کو فروغ دینے کے لئے اور پاکستان کو آئی ٹی کا مرکز بنانے کی کوششوں میں پی ٹی اے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے براڈ بینڈ کی رسائی کو خاص طور پر دیہی اور دور دراز کے علاقوں تک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جس سے ان علاقوں میں کاروبارکے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت بہتر ترقی کرے گی۔ امیر حمزہ، سیف الرحمان خان اور دیگر بھی موجود تھے۔