عازمین حج کو سعودی تعلیمات کے مطابق گردن توڑ بخار،پولیو اور موسمی انفلوئنزا سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی،وزارت مذہبی امور

120
عازمین حج کو سعودی تعلیمات کے مطابق گردن توڑ بخار،پولیو اور موسمی انفلوئنزا سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی،وزارت مذہبی امور

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ عازمین حج کو سعودی تعلیمات کے مطابق گردن توڑ بخار،پولیو اور موسمی انفلوئنزا سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی جبکہ 65 سال سے زائد پاکستانی عازمین حج کےلئے کورونا ویکسین کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بدھ کو اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور میں جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدریلدرم کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی سیکرٹری حج آپریشن ناصرعزیز، میڈیکل افسرحاجی کیمپ سمیت نیشنل ہیلتھ ریگولیشنزاینڈکوآرڈینیشن،نیشنل کنٹرول آف لیبارٹری آف بائیولوجیکل،ڈریپ،فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن اور پولی کلینک ہسپتال کے نمائندے شریک ہوئے۔

وزارت مذہبی امورکے طبی ماہرین اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ ویکسین کی سٹوریج اور ترسیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ عازمین حج کی سعودی عرب روانگی سے دس روز قبل متعلقہ حاجی کیمپ سے ویکسینیشن کی جاسکے۔

وزارت مذہبی امورکے ترجمان نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینزکے حوالے سے ایک دومشاورتی اجلاس اور ہونگے جن میں تمام فریقین کے ساتھ مکمل مشاورت کے ساتھ ویکسینز کی خریداری کا فیصلہ کیا جائے گا، پولیو ویکسین اور65 سال سے زائد عمر کے عازمین کےلئے کورونا ویکسین وزارت قومی صحت و خدمات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پرگردن توڑ بخار اورموسمی نزلہ زکام کی ویکسینزاہم ہیں جو تمام عازمین کوحج پر روانگی سے قبل لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو حاجی اس لئے پریشان ہیں کہ کورونا ویکسین مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے، وہ پریشان نہ ہوں انہیں ان کے متعلقہ حاجی کیمپ میں کورونا ویکسین فراہم کی جائے گی۔