عازمین حج کو منی، مزدلفہ اور میدان عرفات میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے کام جاری

92
سعودی عرب،الحرمین الشریفین انتظامیہ کی عازمین حج کا ان کی اپنی زبان میں خیر مقدم کرنے کی مہم کا افتتاح

مکہ مکرمہ۔28جون (اے پی پی):سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج کو مناسک حج کی ادائیگی میں منی، مزدلفہ اور میدان عرفات میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے کام جاری ہے۔

اے پی پی اور ریڈیو پاکستان کی جانب سے منی مزدلفہ او عرفات میں جاری کاموں کے جائزے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تینوں مقامات پر عازمین حج کی رہائش اور مناسک حج کی ادائیگی میں سہولت کے لئے کام تیزی سے جاری ہے جن میں خیموں کی تنصِیب اور ان کے اندرعازمین کے آرام کیلئے قالین بچھانے اور بستروں کی فراہمی سمیت واش رومز، وضو خانوں کی عارضی تعمیر کے امور شامل ہیں۔

ایام حج کے دوران پانی کی بلاتعطل فراہمی پر بھی کام کی رفتار تسلی بخش دیکھی گئی اس کے علاوہ منی مزدلفہ اور عرفات میں عازمین حج کو مکاتب کی الاٹمنٹ پر بھی کام جاری ہے۔ شاہراہوں کی صفائی ستھرائی کیلئے جدید مشینری استعمال کی جارہی ہے۔

گرمی کی شدت سے بچاوکیلئے خصوصی طور پر پانی کی فوار پھینکنے والے ایئرکولرز بھی نصب کئے جارہے ہیں جبکہ حاجیوں کی منی سے مزدلفہ اور وہاں سے عرفات آنے اور جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی موثر حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ رواں سال حجاج کرام کو مناسک حج کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں ہوگی۔