پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):پشاورسمیت پورے ملک میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف عوامی ردِ عمل کے پیشِ نظر پولیس نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کو سکیورٹی فراہم کر دی۔خیبر پختونخوا کے آئی جی نے پشاور اور خیبر سرکل میں پیسکو کو سکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیسکو کے تمام فیڈرز پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے،
اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز پشاور نے تمام متعلقہ ایس پیز کو تحریری ہدایات جاری کر دی ہیں۔حکام نے کہا ہے کہ پیسکو کے دفاتر کی سکیورٹی کی نگرانی متعلقہ ایس پیز خود کریں گے۔واضح رہے کہ بجلی کے بلوں پر عوامی ردِ عمل کے پیشِ نظر پیسکو نے پولیس سے سکیورٹی مانگی تھی۔پیسکو کی جانب سے چیف کیپٹل سٹی پولیس کو خط لکھ کر 7 سب ڈویژنز پر پولیس تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔