قائم مقام گورنر سندھ نےحضرت لال شہباز قلندر کے 773 ویں عرس مبارک کا افتتاح کر دیا

104
Hazrat Lal Shahbaz Qalandar
Hazrat Lal Shahbaz Qalandar

حیدرآباد۔ 17 فروری (اے پی پی):حضرت لال شہباز قلندر کے 773 ویں عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات کا افتتاح قائم مقام گورنر سندھ سپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے مزار پر چادر چڑہا کر کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض شاہ شیرازی، صوبائی سیکرٹری صبغت اللہ مہر، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے قائم مقام گورنر سندہ کو یادگار شیلڈ پیش کی۔ قائم مقام گورنر سندہ نے غریب و مستحق خواتین میں کپڑے اور تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر نے کہا کہ آج یہاں ملک و قوم اور اولیا کرام کی دھرتی صوبہ سندھ کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین روز سے صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی عرس مبارک کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ بہترین سے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا کی جانب سے عرس مبارک کے دوران بہترین انتظامات کرنے پر ان کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات خیر خوبی سے اختتام پذیر ہوں گی۔ اویس قادر شاہ نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلے اس سال زائرین کی تعداد زیادہ ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈمپر کے حادثات پر وزیر داخلہ کا بیان آچکا ہے اور اس حوالے سے حکومت کی جانب سے ہدایات بھی جاری ہوئی ہیں کہ ہیوی وہیکلز رات کو کراچی میں داخل ہوں گی جبکہ ہمارے ٹرانسپورٹ منسٹر شرجیل انعام میمن بھی گاڑیوں کی انسپیکشن کے ہدایات دے چکے ہیں۔