مانسہرہ۔ 18 اپریل (اے پی پی):مانسہرہ پولیس نے نوجوان لڑکی کو واٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
مانسہرہ پولیس کے مطابق تھانہ بالاکوٹ کی حدود میں سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان لڑکی کو بلیک میل کرنے، اس کی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دینے کی رپورٹ پر ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کی جانب سے فوری نوٹس لیا گیا، جس پر ایس ایچ او تھانہ بالاکوٹ فہد شاہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کی شناخت علی اقبال ولد محمد اقبال سکنہ بنہ سراش اور صدام شوکت ولد محمد شوکت سکنہ بالاکوٹ کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہوں نے مسمات (م) کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی اور اس کی نجی تصاویر کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسے ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین و بچیوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ جیسے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584000