لاہور۔27جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے منشور کا اہم ترین حصہ قوم کو جوڑنا اور زخموںپر مرہم رکھنا ،جتنا کام نواز شریف کے دور میں ہوا وہ سب کے سامنے ہے ،دعوے کم اور کام زیادہ کئے،11ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آئندہ عام انتخابات کیلئے پارٹی منشور پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہاکہ اپنی ذات اور انا سے بالا تر ہو کر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں سوچنا ہے ، اس معاشرے میں جو زہر گھولا گیا ہے یہ آرام سے ختم نہیں ہوگا اس کیلئے بہت زیادہ کوشش کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک روایت ہے کہ انتخابات میں جانے سے پہلے ہر جماعت اپنااپنامنشور قوم کے سامنے پیش کرتی ہے لیکن جو اصل بات ہے جس کی تہہ میں ہمیں جانا ہے وہ یہ ہے کہ آج تک جو روایتی منشورپیش ہوتے رہے ہیں کتنی جماعتوں اور لیڈرز نے ان پر عمل کیا۔
میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں ،مسلم لیگ(ن) اور اس کے قائد نے یہ کر کے دکھایا ہے، نواز شریف وہ لیڈر ہے جو دعوے کم اور کام زیادہ کرتا ہے ۔