ملک کو بہت بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے، اس صورتحال میں 10کروڑ لوگوں کو مفت آٹے کی فراہمی بہت بڑا قدم ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو بہت بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے، اس صورتحال میں10کروڑ لوگوں کو مفت آٹے کی فراہمی بہت بڑا قدم ہے، سیاسی قیادت،تمام اداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملک کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا، جو گھرانے بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ نہیں انہیں بھی آٹے کے تین تھیلے مفت فراہم کئے جائیں گے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو راولپنڈی میں مفت آٹے کی فراہمی کے مراکز کے معائنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، پنجاب کے نگران وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر، وزیراعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، مسلم لیگ( ن )کے رہنما ملک ابرار احمد، کمشنر راولپنڈی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے آٹے کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کئے اور مفت آٹے کی فراہمی میں حائل مشکلات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم کو کمشنر راولپنڈی نے مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام جو راولپنڈی میں مقیم ہیں، کو بھی مفت آٹے کی سہولت فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو گھرانے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ پر نہیں لیکن خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، انہیں بھی مفت آٹے کی فراہمی شروع کی جائے، اس سلسلے میں نادرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کام کر رہا ہے اور آج سے یہ نظام کام شروع کر دے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں کو نام نہ ہونے کی بنیاد پر مفت آٹا فراہم نہیں کیا جا رہا، اب ان کیلئے فوری طور پر کائونٹر قائم کئے جائیں گے اور انہیں بھی آٹا فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آج منگل سے مفت آٹا مراکز پر تین تھیلے ایک ساتھ دیئے جائیں گے تاکہ انہیں بار بار آنے کی زحمت نہ ہو، جو لوگ ایک تھیلا لے چکے ہیں انہیں اگلی بار آنے پر ایک ساتھ دو تھیلے ملیں گے۔ وزیراعظم نے مفت آٹے کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ مفت آٹے کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، ماضی میں ہم نے ہر دکان پر سستا آٹا پہنچایا اور اب مفت آٹے کی فراہمی جو کہ ایک بہت مشکل کام تھا، احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو بہت بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے، اس صورتحال میں دس کروڑ لوگوں کیلئے مفت آٹے کی فراہمی بہت بڑا قدم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کی تعبیر کے مطابق تعمیر کرنے کیلئے تمام سیاسی قیادت اور اداروں کے علاوہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا