اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت سلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ وسطی و جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا تاہم خطہ پوٹھوہار ،شمال مشرقی پنجاب،بالائی خیبر پختو نخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقا مات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم لاہور اور کشمیر میں چند مقا مات پر گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش پنجاب میں لاہور (ثمن آباد 18، واسا 12، سٹی 05، گلشن راوی 02) ، کشمیر میں راولاکوٹ میں 02ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت سبی 40، دادو، دالبندین ،نوکنڈی اورخانپور میں38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔