اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات محمد اعظم خان نے منشیات کے عادی افراد کے لئے ’’امنگ ٹیلی ہیلتھ‘‘ کےنام سے ٹیلی سروس تیار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت انسداد منشیات کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق اس ٹیلی سروس کی منظوری وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت کہانی ڈاکٹر سارہ سعید سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کے دوران دی۔ امنگ ٹیلی ہیلتھ کے ذریعے منشیات کے عادی افراد کو موبائل فون کے ذریعے بلا معاوضہ اور رازداری کو قائم رکھتے ہوئے خدمات مہیاء کی جائیں گی۔ ہاٹ لائن پر فون کرنے والے کو اس کی دہلیز پر ذہنی صحت کے ماہرین سے رابطہ میں آسانی ہوگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم سواتی نے کہاکہ پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 85 ملین ہے، ان میں سے بیشتر نوجوان ہیں۔ اس سروس سے شہری منشیات سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد حاصل کر سکیں گے۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی نے کہا کہ ہر یونیورسٹی کے پاس منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لئے مطلوبہ وسائل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہیلپ لائن نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانے میں مدد دے گی اور ہمیں ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کی تکمیل کی راہ پر گامزن کرے گی۔ہیلپ لائن جلد شروع کردی جائے گی۔ انتظار کرنے کا کوئی وقت نہیں ہوگا اور کالر ڈاکٹر/ماہر کے ساتھ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں رابطے میں ہو گا۔ موبائل ایپلیکیشن استعمال کرنے والے صارفین اپنی پسند کے ڈاکٹر کا انتخاب کر سکیں گے اور ویڈیو مشاورت دی جاۓ ئے گی۔ ایمرجنسی کی صورت میں کال کو قریبی ہسپتال سے منتقل کیا جائے گا۔ ہیلپ لائن رازداری کو یقینی بنائے گی اور چوبیس گھنٹے دستیاب ہوگی۔