میڈیا اور معاشرے میں مثبت روابط اور فلاح و بہبود کے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے پارلیمنٹ، حکومت اور میڈیا کے درمیان شراکت داری بہت ضروری ہے ، سید یوسف رضا گیلانی

135
میڈیا اور معاشرے میں مثبت روابط اور فلاح و بہبود کے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے پارلیمنٹ، حکومت اور میڈیا کے درمیان شراکت داری بہت ضروری ہے ، سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میڈیا اور معاشرے میں مثبت روابط اور فلاح و بہبود کے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لئے پارلیمنٹ، حکومت اور میڈیا کے درمیان شراکت داری بہت ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نےپیر کو یہاں 10 ویں سالانہ میڈیا کرکٹ لیگ 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کی معاونت قابل ذکر ہے کیونکہ اس پورے عمل سے ایک باہمی تعاون اور صحت مندانہ ماحول کو فروغ دینے کے لئے اجتماعی کوششیں دیکھنے کو ملی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ساتھ مل کر ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو ترقی کی منازل طے کرنے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے۔

انہوں نے میڈیا کرکٹ لیگ کے منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس فلیگ شپ ایونٹ کے انعقاد کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں میڈیا پرسنز اور سٹاف کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے میڈیا نہ صرف اپنی صفوں میں ٹیم ورک اور سپورٹس مین شپ کے جذبے کو فروغ دیتا ہے بلکہ معاشرے کے لئے ایک مثبت مثال بھی قائم کرتا ہے۔اس موقع پر سینیٹر سرمد علی بھی موجود تھے۔