نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے صوبائی وزیر خزانہ امجد رشید اور فنی تعلیم کے اداروں کے سربراہان کی ملاقات

385
Caretaker Chief Minister of Balochistan

کوئٹہ۔ 14 نومبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے صوبائی وزیر خزانہ و ریونیو امجد رشید کی سربراہی میں نیو ٹیک اور بلوچستان کے پیشہ ورانہ فنی تعلیم کے اداروں کے سربراہان نے ملاقات کی اور بلوچستان میں وفاقی حکومت اور نیو ٹیک کی معاونت سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نیو ٹیک کے تعاون سے بلوچستان کے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ پیشہ ورانہ فنی تعلیم کے اداروں میں سینٹر آف ایکسیلینس قائم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب و متحدہ عرب امارات میں اسکلڈ لیبر فورس کی سرٹیفیکیشن کے لئے بلوچستان کے عوام کو کراچی اور دور دراز شہروں میں جانا پڑتا ہے ان مشکلات کے ازالے کے لئے بلوچستان میں پانچ مراکز قائم ہوں گے جن میں سرٹیفیکیشن کی یہ سہولت مقامی سطح پر ہوگی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں مائننگ ، فشریز ، انڈسٹریز سمیت دیگر شعبوں میں تربیتی پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور ان شعبوں میں طلب کے مطابق تربیتی پروگرامز تشکیل دئیے جائیں گے ،

بلوچستان میں پہلے سے قائم ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کو دستیاب ڈھانچے اور عمارات کو بروئے کار لاتے ہوئے فعال کیا جائے گا ، نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ فنی تعلیم کی پیشہ ورانہ تربیت کے معیار کو عالمی سطح کے مساوی اور قابل بھروسہ بنایا جائے تاکہ مختلف ٹریڈز میں تربیت حاصل کرنے والے افراد کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آ سکیں اس موقع پر نیو ٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے بتایا کہ مختلف ٹریڈز کے تربیتی پروگرامز میں بلوچستان کی سیٹوں کا کوٹہ 4500 سے بڑھا کر دس ہزار کردیا گیا ہے جبکہ نجی شعبے میں تربیتی اداروں کو پابند کیا جاررہا ہے کہ وہ مقامی سطح پر سرٹیفیکیشن کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل سروے کو بھی یقینی بنائیں ،

قبل ازیں نگران صوبائی وزیر خزانہ و ریونیو امجد رشید نے بتایا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ فنی تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ بلوچستان کے نوجوان بھی دیگر ممالک میں جاکر نہ صرف مالی استحکام حاصل کرسکیں بلکہ زر مبادلہ پاکستان بھیج کر ملک کی معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں ، ملاقات کے اختتام پر نیو ٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کو سوئنر پیش کیا۔