نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ میں کرسمس تقریبات کا انعقاد

143
Christmas
Christmas

نیویارک ۔18دسمبر (اے پی پی):نیویارک میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے پاکستان کرسچن ایسوسی ایشن یو ایس اے کے تعاون سے پاکستانی نژاد امریکی مسیحی برادری کے اعزاز میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اپنے متنوع مذہبی اور ثقافتی ورثے پر بے حد فخر ہے اور مسیحی برادری نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کرسچن ایسوسی ایشن یو ایس اے کے چیئرمین ولیم شہزاد اور سیکرٹری جنرل جیمز سائپرین نے قونصلیٹ کے تعاون کو سراہا اور امن اور اتحاد کی مشترکہ اقدار کو منانے کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور اکرم مسیح گل بھی موجود تھے ،جنہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ رابطے میں رہنے اور برادری کی قومی دھارے میں شمولیت کو فروغ دینے کے لئے قونصلیٹ کے اقدامات کو سراہا۔