
اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے قطر کے وزیر مملکت دفاعی امور ڈاکٹر خالد بن محمد نے وزارت دفاع میں ملاقات کی ۔وفاقی وزیر خواجہ آصف نے قطر کے وزیر مملکت کا وزارت دفاع پہنچنے پر خیر مقدم کیا ۔انہوں نے امیر قطر کے مارچ 2015میں پاکستان کے دورے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے فروری 2016کے دورے اور صدر مملکت ممنون حسین کے حالیہ دورہ قطر پر روشنی ڈالی جو دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور باہمی دلچسپی کے امور کو بڑھانے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قطر کے دفاعی وفد کو بتا یا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔انہوں نے پیش کیش کی کہ پاکستان ‘قطر میںملٹری ہارڈویئر ٹی او ٹی بنیاد پر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کی مسلح افواج کے درمیان بات چیت کے لئے ایک فورم قائم ہے جس سے دونوں ممالک استفادہ حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قائم قطر سفارتخانے میں دفاعی اتاشی کی تعیناتی جلد ہونی چاہیے ۔