وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کا اسلام آباد میں پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب

101

اسلام آباد۔ 14 اپریل(اے پی پی ) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ وہ کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے،پاکستان کے فیصلے اب پاکستان میں ہونگے باہر سے نہیں ہونگے، علمائے کرام انبیائے کرام کے وارث ہیں‘ہمیںعلمائے کرام کو عزت دینا ہے،ہمیں اپنے کردار، عمل کو اپنے رب کے احکامات کے مطابق بناناہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اللہ نے امام کعبہ کو پونے دو ارب مسلمانوں میں سے چنا ہے،امام کعبہ سے ملا تومجھے خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ شکر ہے اس رب کا جس نے ہمیں حضرت محمد کا امتی بنایا، شکر ہے اس رب کا جس نے ہمیں اس آزاد ریاست کا شہری بنایا۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام انبیائے کرام کے وارث ہیں،ہم مغرب کی دوائیں اور ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔اگر کوئی سمجھتا ہے کہ یہ ریاست پاکستان کسی کے اشاروں پر کام کرے گی تو یہ اس کی بھول ہے،ہمارا اللہ سے وعدہ ہے کہ کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے،پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے باہر نہیں۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ آج پوری دنیا کی امت مسلمہ پر نظر رکھے ہوئے ہیں،ہماری ایک ایک بات پر تحقیق کے بعد یورپ ہم پر اپنی سوچ مسلط کررہا ہے،ہم انکی بنائی ٹیکنالوجی و ادویات استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ امت مسلمہ کیوں پیچھے رہ گئی ہے،ہمیں اپنے کردار، عمل کو اپنے رب کے احکامات کے مطابق بناناہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیں گے،وزیر اعظم نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ وہ کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے،پاکستان کے فیصلے اب پاکستان میں ہونگے باہر سے نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ چندہ اکھٹا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے مدارس کی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں علماءکرام کو عزت دینا ہے،آج فیفتھ جنریشن کی جنگ ہورہی ہے،مومن جوڑتا ہے توڑتا نہیں ہے،علماء کرام ممبر سے توڑنے کا نہیں جوڑنے کا پیغام دے،جو ریاست کے خلاف کھڑا ہوگا اس کے خلاف سب ملکر کر کھڑے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز رات امام کعبہ سے ملکر بہت خوشی ہوئی، تمام پاکستانیوں کو امام کعبہ کا پرتپاک استقبال کرنا چاہیئے۔