وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون کی سربراہی میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو

77

ایبٹ آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح وبہبود، علاج معالجہ کی سہولیات اور درپیش مسائل کے حل کیلئے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی اسمبلی سے منظوری جلد حاصل کریں گے، علاقائی زبانوں کی ترویج میں ہندکو کو ریڈیو کی نشریات میں شامل کرنے سمیت ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کا ہندکو شعبہ بھی قائم کریں گے، پی ٹی وی بیورو اور ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو ایبٹ آباد میں بحال کریں گے۔ وہ گذشتہ روز اسلام آباد میں صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون کی سربراہی میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، پی آئی او پی آئی ڈی، ایبٹ آباد پریس کلب کے ممبران طارق تنولی، عبدالواسع خان، ہارون تنولی، ارشد سواتی، سید کمال حسین شاہ اور مطیع الرحمن تنولی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ ہزارہ زرخیز خطہ ہے، ایبٹ آباد پریس کلب کے صحافیوں کو علاج معالجہ کہ سہولیات یقینی بنانے اور فلاح و بہبود کی فراہمی میں عملی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مایوسیوں کو ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ قبل ازیں رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے بھی ایبٹ آباد پریس کلب کے صحافیوں کی ہزارہ کی ترقی اور امن و امان کے قیام کیلئے کی جانے والی کوششوں سے بھی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کو آگاہ کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ میڈیا عوام کے مسائل کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے، ہزارہ کے صدر مقام ایبٹ آباد سے ریجن کے مسائل کو میڈیا نے بہتر طور پر اجاگر کیا اور حکومت کی توجہ حاصل کی، تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق عام آدمی کی زندگی بہتر کیلئے متعدد فلاحی منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے، ماضی میں حکومتوں کی توجہ کبھی بھی اس جانب مرکوز نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کو شناختی کارڈ سے منسلک کر کے ہر خاندان کو 7 لاکھ تک کے علاج کی سہولت دینا بڑا کارنامہ ہے، اب کسی کو اپنے پیاروں کے علاج معالجہ کیلئے گھر فروخت نہیں کرنا پڑیں گے، تحریک انصاف کی حکومت کے انقلابی اقدامات سے پی ڈی ایم خوفزدہ ہو کر واویلا کر رہی ہے، ان کے غبارے سے ہوا جلد نکل جائے گی۔ اس موقع پر صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون نے ایبٹ آباد کے صحافیوں کو درپیش مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجہ میں بہتر سہولیات یقینی بنانے پر زور دیا گیا جس پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے فروری میں ایبٹ آباد کا دورہ کرنے اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔