وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر این سی اوسی لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت اجلاس

51

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):حکومت نے چھٹیوں کے دوران ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منگل کے روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوارڈینیٹر این سی اوسی لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک تھے ۔

اجلاس کے موقع پر فورم نے وفاقی ، صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جو 8سے 16مئی کے دوران ملک بھر میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے کے عمل کی نگرانی کریں گی ۔ این سی اوسی کے مطابق 8سے 16مئی کے دوران کھانے پینے کی دکانوں ، گروسری سٹورز ، میڈیکل سٹورز ، پٹرول پمپس اور بیکریوں کے علاوہ تمام کاروبار بند رہیں گے ۔

این سی اوسی کو بتایا گیا کہ چھٹیوں کے دوران لوکل اور باہر سے آنیوالے سیاحوں کے لیے سیاحتی مقامات پر مکمل پابندی ہوگی ۔ تمام سیاحتی مقامات ، پبلک پارکس ، شاپنگ مالز ،سیاحتی مقامات کے قریب تما م ہوٹلز و ریسٹورنٹس بھی بند رہیں گے ۔ این سی اوسی نے کہا ہے کہ شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقامات اور ساحل سمندر کو جانیوالے راستے بھی بند ہوں گے ۔ گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کے مقامی افراد کو اپنے گھروں کو اپس جانے کی اجازت ہوگی ۔