وفاقی وزیراحسن اقبال سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا

84
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 500 سکالر شپس دیئے جائیں گے،احسن اقبال

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے پیر کو ملاقات کی اور سی پیک سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر بات چیت کی گئی جو کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران میں پیش کئے جائیں گے اور ان منصوبوں پر ایم او یوز دستخط ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے سی پیک کے متعدد منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ان منصوبوں خاص طور پر ایم ایل -1 اور کراچی سرکلر ریلوے ( کے سی آر ) منصوبوں کو شروع کرنے میں پُرعزم ہے۔ وفاقی وزیر نے ( ایم ایل -1) اور کے سی آر منصوبوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو ‘اسٹریٹجک پروجیکٹس’ سمجھے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام کام کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جن میں سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ڈبلیو پی کی منظوری بھی شامل ہے۔

وفافی وزیر نے کہا کہ ایم ایل -1سے پاکستان اور چین دونوں ملکوں کے معیشت پر بڑے اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔وفاقی وزیر نے مختلف شعبوں جیسے توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ثقافتی اور دیگر میں کئی دیگر منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا جو کہ یکم نومبر کو وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران اٹھائے جائیں گے اور مختلف منصوبوں پرایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔ چینی سفیر نے حکومت بالخصوص وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔