اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ژوب کے علاقے میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہو ئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی عارف الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ 15 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی صلاحیتوں پر ناز ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں، پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے 15 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کے ناپاک ارادوں کو خاک ملایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ قوم سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے ۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز انتہائی پروفیشنل اور باصلاحیت ہیں، قوم سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔