جمیکا۔24جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر۔8 مرحلے کا آخری میچ کل(منگل کو) کھیلا جائے گا، جس میں افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آرنوس ویل گراؤنڈ، کنگس ٹاؤن، سینٹ ونسنٹ میں پنجہ آزمائی کریں گی ۔افغانستان کی ٹیم کومایہ ناز آل رائونڈر راشد خان لیڈ کر رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم کی قیادت نجم الحسن شانٹو کر رہے ہیں۔
یہ میچ سپر ۔8 مرحلے کا آخری میچ ہوگا جو آرنوس ویل گراؤنڈ، کنگس ٹاؤن، سینٹ ونسنٹ میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگااس میچ کے بعد میگا ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔ محدود اوورز کے فارمیٹ کے نویں میگا ایونٹ کے دلچسپ مقابلے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں جاری ہیں جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں 20 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں تھیں ۔ انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہےجو ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے اور سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے ۔
ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 27 جون کی صبح پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پانچ بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا جو ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گاجبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 27 جون کو شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگاجو گیانا میں کھیلا جائے گاجبکہ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔