پاک فضائیہ میں 75واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

207
پاک فضائیہ میں 75واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاک فضائیہ میں 75واں یوم آزادی قوم کے شانہ بشانہ روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ دن کا آغاز پاک فضائیہ کی تمام مساجد میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا جن میں ملکی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ائیر وائس مارشل محمد ندیم صابر، ستارہ امتیاز (ملٹری)، انسپکٹر جنرل پاکستان ائیر فورس نے پرچم کشائی کی جس کے بعد تقریب میں موجود تمام عملے نے پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہو کر قومی ترانہ گایا۔

بعدازاں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز (ملٹری)، کی جانب سے یومِ آزادی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے افسران، ایئر مین اور سویلینز نے بھر پور شرکت کی۔ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر پاک فضائیہ کی ریجینل ائیر کمانڈز، تمام بیسز اور تنصیبات پر بھی تقاریب منعقد کی گئیں۔