راولپنڈی۔16نومبر (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کوکراچی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے کراچی ایکسپو سینٹر میں آئیڈیاز 2022 کے مختلف اسٹالز کا مشاہدہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بحرین، اٹلی، سری لنکا، لیبیا، زمبابوے اور یو اے ای سمیت مختلف ممالک کے مندوبین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔بعد ازاں آرمی چیف نے ملیر گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
پاک فوج کے سربراہ نے افسران اور فوجیوں سے اپنے الوداعی خطاب میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض کی ادائیگی کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ شدید سیلاب کے دوران لوگوں کی مدد کے لیے پاک فوج کی انتھک محنت ، ریسکیو اور امدادی کوششوں کی بھی تعریف کی۔قبل ازیں آمد پر کور کمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔