پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اپنی تحقیق کا دائرہ کار وسیع کرکے ملکی معیشت کی بہتری لائے ، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

62

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلرکو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تحقیق کا دائرہ کار وسیع کریں اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کم کارکردگی والے شعبوں پر توجہ دیں۔ پی آئی ڈی ای کا بنیادی مقصد ایک معقول اور مربوط اقتصادی پالیسی بنانے میں حکومت کی مدد کرنا ہے جسے عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے،انہوں نے یہ بات منگل کو یہا ں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے سینیٹ کے پندرہویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں پی آئی ڈی ای(پائیڈ) کے وائس چانسلراور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس ایک پبلک پالیسی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ ہے جو قائداعظم یونیورسٹی کے احاطہ میں واقع ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے اور ایسے اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے جس سے ملک کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے پائیڈکو ہدایت کی کہ وہ غیر استعمال شعبوں پر توجہ مرکوز کرے ۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی ہدایت کی کہ پائیڈ صوبوں کو شامل کرکے ملک بھر میں سیمینار منعقد کرے تاکہ ایک قومی تحقیق پر مبنی ایجنڈا مرتب کیا جاسکے۔ انہوں نے جدید تحقیق پرزوردیتے ہوئے کہا کہ ویلیو چین کوشامل کرتے ہوئے ہر شعبے میں شواہد پر مبنی تحقیق ضروری ہے۔ انہوں نے پائیڈ کو ہدایت کی وہ شواہد پر مبنی تحقیق کرے۔ پروفیسر احسن اقبال نے مزید کہا کہ اگلی دہائی میں تیز رفتار ترقی کیلئے شواہد پر مبنی پالیسی کے انتخاب کےلئے دور اندیشی کی صلاحیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پلاننگ کمیشن کے کردار کو دوبارہ وضع کیا جارہاہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس پر زور دیا کہ وہ کورین اور جاپانی ترقیاتی اداروں کے رابطہ کے ساتھ مشترکہ تحقیق کوفروغ دیں تاکہ عالمگیرفوائد حاصل ہوں۔ انہوں نے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک)کیلئے سینٹر آف ایکسیلینس کے غیر فعال ہونے پر خفگی کا اظہار کیا جسے سی پیک کی معاونت کرنا تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ڈی ای میں سینٹر آف ایکسیلینس قائم کیا گیا تھا جو پروگرام کے بہتر انتظام میں مدد دے سکتا تھا تاہم افسوس ہے کہ اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سینٹر قائم کرنے کا مقصد تجرباتی تحقیق تھا جس سے نئے مواقع سے استفادہ میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی منڈیوں سے متعلق ہمیں کم علم ہے اس لئے بالخصوص صنعتی تعاون کے شعبہ میں معیاری تحقیق کا مرکز قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان چین سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جس کی درآمدات ایک ٹریلین ڈالر ہیں، ہمیں ان شعبوں میں تحقیق کی ضرورت ہے جہاں ہم اپنی برآمدات 2 سے 3ارب ڈالر تک بڑھا سکیں۔

انہوں نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف فائیو ٹو میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے کیمپس کی تعمیر کیلئے سی ڈی اے سے اراضی کا قبضہ حاصل کرے تاکہ آئندہ ماہ اس کا سنگ بنیاد رکھا جاسکے۔