پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، تاریخ اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

153

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، تاریخ اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایرانی پارلیمان میں ایران پاک دوستی گروپ کے سربراہ احمد امیر عبادی فرحانی کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے، ایران کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی

۔ڈپٹی سپیکر نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے بہترین مفاد کے لیے تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے لئے پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایران سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلم امہ کو در پیش مسائل کے حل کے لیے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں پارلیمانی سفارت کاری اور عوامی سطح پر رابطے دونوں ممالک کے درمیان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایرانی پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا اور پاکستان اور ایران کے قانون ساز ادارے کے درمیان تعاون اور تفہیم کو بڑھانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرے گا۔ایران پاک پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ احمد امیر آبادی فرحانی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔

انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانی رابطوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے جسے بروئے کار لا کر دونوں ممالک کی عوام کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر کا پاکستان میں ایرانی پارلیمانی وفد کے پر تپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکر یہ ادا کیا۔ ایران کے پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ ایران کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔