23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ مشاورت کے چھٹے دور کا...

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ مشاورت کے چھٹے دور کا ڈھاکہ میں انعقاد، مشاورت کا اگلا دور 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا

- Advertisement -

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 15 سال کے وقفے کے بعد ڈھاکہ میں خارجہ سیکرٹری سطح کی دوطرفہ مشاورت کے چھٹے دور کا انعقاد ہوا۔ جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ (پاکستان) اور سیکرٹری خارجہ محمد جشم الدین (بنگلہ دیش) کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور دوطرفہ تعلقات کو بحال کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کی۔ بیان کے مطابق فریقین نے مشترکہ تاریخ، ثقافتی وابستگیوں اور اپنے لوگوں کی مشترکہ امنگوں پر مبنی سیاسی، اقتصادی، ثقافتی، تعلیمی اور تزویراتی تعاون پر ایک جامع تبادلہ کیا۔

نیویارک، قاہرہ، ساموا اور جدہ میں حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جس نے دوطرفہ تعلقات کو نئے سرے سے مضبوط کرنے میں مدد کی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فریقین نے باقاعدہ ادارہ جاتی بات چیت کے ذریعے رفتار کو برقرار رکھنے، زیر التواءمعاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور تجارت، زراعت، تعلیم اور رابطے میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان نے اپنی زرعی یونیورسٹیوں میں تعلیمی مواقع کی پیشکش کی جبکہ بنگلہ دیش نے ماہی گیری اور سمندری علوم میں تکنیکی تربیت کی پیشکش کی۔

- Advertisement -

بنگلہ دیش نے پاکستان کی نجی یونیورسٹیوں کی جانب سے سکالرشپ کی پیشکش کو بھی تسلیم کیا اور تعلیم کے شعبے میں گہرے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے رابطے کو ترجیح کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے کراچی اور چٹاگانگ کے درمیان براہ راست جہاز رانی کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور براہ راست فضائی روابط دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سفری اور ویزا کی سہولت میں نرمی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں معروف پاکستانی فنکاروں کی حالیہ پرفارمنس کو سراہا جبکہ پاکستان نے باہمی ثقافتی تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی۔

ان شعبوں میں مختلف مفاہمت ناموں کو حتمی شکل دینے سمیت کھیلوں، میڈیا اور ثقافتی اداروں میں وسیع تر تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے کثیرالجہتی امور پر سارک کو اس کے بانی اصولوں کے مطابق بحال کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے بنگلہ دیشی قیادت کے وژن کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ سارک عمل دو طرفہ سیاسی تحفظات سے الگ رہے گا۔ سیکرٹری خارجہ نے بنگلہ دیش کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فریقین نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ سیکرٹری خارجہ نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس اور اعزازی مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ بات چیت علاقائی انضمام، اقتصادی روابط اور بیرونی دبائو سے دو طرفہ تعلقات کو محفوظ رکھنے کی اہمیت پر مرکوز تھی جبکہ مستقبل کے حوالے سے شراکت داری کا مشترکہ عزم سامنے آیا۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے آئندہ دورے بنگلہ دیش کے منتظر ہیں۔ پرتپاک مہمان نوازی پر اعزازی چیف ایڈوائزر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشاورت کا اگلا دور 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583987

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں