پاکستان ریلویز نے بغیر ٹکٹ مسافروں سے 74.8 ملین روپے وصول کرلئے،وزارت ریلویز

130
Ministry of Railways
Ministry of Railways

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):پاکستان ریلویز نے دو ماہ کے دوران ریلوے پولیس اور ٹرین کے عملے کی مدد سے کریک ڈاؤن کے دوران بغیر ٹکٹ مسافروں سے 74.8 ملین روپے کی رقم اکٹھی کی ہے۔ پاکستان ریلویز ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ تقریباً 58,446 مسافر مختلف ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ کے سفر کرتے ہوئے پائے گئے اور ان سے مذکورہ رقم وصول کی گئی ہے جو محکمہ کے سرکاری بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی، اس قسم کے کریک ڈاؤن روزانہ ہوتے رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنا غیر قانونی ہے اور جو لوگ بغیر ٹکٹ پکڑے گئے ان سے جرمانے کے علاوہ ٹرین کے پورے سفر کے لیے ٹکٹ کی قیمت وصول کی گئی ہے، ادائیگی نہ کرنے والوں کو ریلوے پولیس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے پولیس نے ایک سال کے دوران 3,923 ملزمان کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا اور ان کے خلاف ریلوے کی آٹھ ڈویژنوں میں ایک سال کے دوران تقریباً 3,625 مقدمات درج کئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور ڈویژن میں تقریباً 658، راولپنڈی میں 577، لاہور میں 1,044، مغل پورہ میں 326 ، ملتان میں 393، سکھر میں 208، کراچی میں 346 اور کوئٹہ ڈویژن میں 73 مقدمات درج کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر ریلوے پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں اور گزشتہ سال کے دوران ریلوے پولیس کی کارکردگی کافی تسلی بخش رہی ہے۔

ریلوے پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس محدود وسائل کے باوجود مستعدی سے فرائض سرانجام دے رہی ہے اور آئندہ سال کے دوران ریلوے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے گا۔