پاکستان سویٹ ہوم مستحق بچوں کوبہترین معیاری تعلیم اوردیگر سہولیات فراہم کررہاہے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف

Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم مستحق بچوں کو بہترین معیاری تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم کر رہاہے اس پر زمرد خان اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ، پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے ۔ زمرد خان نے وہ کام کردکھایا جو کئی ادارے بھی نہیں کرسکے، زمرد خان نے بہت بڑا ٹاسک اختیار کیا ہوا ہے،وہ بڑے عظیم جذبے سے بے سہارا بچوں کا سہارا بنے ہوئے ہیں۔وہ اتوار کو پاکستان سویٹ ہومز کی فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، زمرد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے زمرد خان کو کئی بار کہا کہ وہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہ کریں لیکن زمردخان کا موقف ہے کہ انہیں اس کام سے ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے۔

اسی مشنری جذبہ نے زمرد خان سے وہ کام کروایا جو کوئی اور نہیں کرسکا۔سپیکر نے کہا کہ اس کام کے لئے اللہ پاک نے زمرد خان کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ زمرد خان کی سویٹ ہومز کے حوالے سے کاوش دیکھ کر لگتا ہے کہ اگر انسان عزم کرے تو وہ ایک نئی دنیا بسا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ زمرد خان جیسے لوگ یہاں پاکستان میں ہیں جو ہمارے بچوں کی تربیت کررہے ہیں۔یہ جذبہ ہم سب کے لئے قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے شاید وزارت عظمی کا منصب انہی بچوں کی وجہ سے ملا۔مجھے جتنی خوشی یہاں آکر ہوتی ہے وہ بیان سے باہر ہے۔انجم عقیل خان نے خطاب کرتے ہوئے سویٹ ہومز کے لئے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔زمرد خان نے تمام مہمانوں اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا۔