پاکستان کے وہیل چیئر ہیروز کا کارنامہ! بی این پی ورلڈ کپ میں ایران کو ہرا کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا

121
پاکستان کے وہیل چیئر ہیروز کا کارنامہ! بی این پی ورلڈ کپ میں ایران کو ہرا کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا

پشاور۔ 04 مارچ (اے پی پی):کولمبو کا میدان پاکستان کے وہیل چیئر ٹینس کھلاڑیوں کے عزم اور حوصلے کا گواہ بن گیا جہاں بی این پی ورلڈ کپ وہیل چیئر ٹینس چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایرانی ٹیم کو 2-1 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔یہ تاریخی کامیابی پشاور کے احسان اللہ دانش کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو حاصل ہوئی جو لنڈی ارباب پشاور سے تعلق رکھنے والے پیراپلیجک سنٹر پشاور کے گریجویٹ اور سپورٹس کوآرڈینیٹر ہیں۔

کولمبو میں حالیہ لان ٹینس چیمپئن شپ کے علاؤہ وہ ٹیبل ٹینس کے بھی عالمی کھلاڑی رہے ہیں اور 2006ء میں ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کھیلے گئے پیسفک پیرالمپک گیمز کے انٹرنیشنل وہیل چیئر ٹیبل ٹینس ایونٹ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم کو ہرایا تھا۔ احسان دانش کی صلاحیتیں صرف کھیل تک محدود نہیں اور سماجی سرگرمیوں کے علاؤہ شاعری میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پیراپلیجک سنٹر میں جسمانی اور نفسیاتی بحالی کے عمل سے گزرنے والے نوجوانوں کو "گریجویٹ” کا اعزاز دیا جاتا ہے اور انہیں بھرپور تفریحی اور تخلیقی مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔پاکستانی ٹینس وہیل چیئرز ٹیم کی اس تاریخی فتح پر ملک بھر میں بالعموم اور پیراپلیجک سنٹر پشاور کے گریجویٹس میں بالخصوص خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

درایں اثناء سنٹر کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے احسان اللہ دانش اور انکی ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور انہیں قومی ہیرو قرار دیا ہے۔ڈاکٹر الیاس نے پُرجوش انداز میں کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اگر ہمارے نوجوانوں کی تمام شعبوں میں حوصلہ افزائی کی جائے تو وہ اسی طرح عالمی سطح پر کامیابیاں اور اعزازات سمیٹتے رہیں گے۔