لاہور۔25نومبر (اے پی پی):لاہورہائیکورٹ کے حکم پر پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک کیلئے گزشتہ تین ماہ کے دوران کئے جانےوالے اقدامات کی رپورٹ جمع کرادی۔ رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے دوران سموگ کے تدراک کیلئے129.62ملین جرمانے ،540مقدمات اور 118افرادکو گرفتار کیا گیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر سموگ کے تدارک کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ کمشنر لاہور نے اگست سے نومبر تک کی کارکردگی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی ۔ رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویژن میں گزشتہ تین ماہ کے دوران دھواں چھوڑنے والی 735فیکٹریوں کو سر بمہر کیا گیا جبکہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو 94ملین روپے کے جرمانے کئے گئے ،221ایف آئی آرز کا اندراج ہوا اور 114افراد کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 187اینٹوں کے بھٹوں کو بھی سیل کیا گیا جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران زک زیک ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی پر تین ملین روپے کے جرمانے اور 103 بھٹہ مالکان پر مقدمات درج کئے گئے نیزفصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر 8.6ملین کے جرمانے کئے گئے اور 216افراد پر مقدمات درج کئے گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دھواں چھوڑنے والی 5ہزار784گاڑیوں کو ضبط کرکے 26ملین روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کیلئے دائر درخواستوں پر تسلسل سے سماعت کر رہے ہیں جبکہ عدالت عالیہ نے مزید کارروائی 4دسمبر تک ملتوی کر دی ۔