کوئٹہ۔ 15 فروری (اے پی پی):ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی پر حملہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت بلوچستان نے واقعے کے فوراً بعد مؤثر اقدامات کئے ، شہداء کی میتوں کی منتقلی اور زخمیوں کا علاج یقینی بنایا گیا تاہم بعض عناصر کی جانب سے حکومت بلوچستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ،حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کیے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے واضح کیا کہ شہداء کی میتوں کو پورے احترام کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں بھیجا گیا اور حکومت نے اپنی ذمہ داری مکمل طور پر نبھائی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض افواہوں کے برعکس ایمبولینسز کے حوالے سے چندے کی باتیں بے بنیاد ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے حکومت تمام شہداء کو قانون کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کرے گی ۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ کوئٹہ میں صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے پہلی بار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صفائی کا عمل آؤٹ سورس کیا گیا ہے ، اس اقدام کے تحت گزشتہ روز کوئٹہ شہر سے 2300 ٹن کچرا اٹھایا گیا جو کہ ایک نمایاں بہتری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی یومیہ اوسط صرف 500 ٹن کچرا ہٹانے تک محدود تھی لیکن نئے نظام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں بغیر کسی اضافی لاگت کے واضح بہتری آئی ہے۔
حکومت کی ترجیح ہے کہ کوئٹہ شہر کو صاف ستھرا اور جدید بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی نظام میں شفافیت لانے کے لیے حکومت نے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ میٹرک کے امتحانات میں نقل کے خاتمے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ، تمام محکموں کے افسران امتحانی مراکز کی نگرانی پر مامور ہیں تاکہ امتحانات میں کسی بھی بدعنوانی کو روکا جا سکے ، بلوچستان کے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی نظام میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے ۔
شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے درمیان سوئی میں ایک تاریخی معاہدہ طے پایا ہے جو علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ایل علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا اور ڈیرہ بگٹی کے بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم دی جائے گی ، معاہدے کے تحت ہر سال 50 طلبہ کو لارنس کالج اور کیڈٹ کالج حسن ابدال میں اسکالرشپ دی جائے گی جبکہ 14 مقامی ڈپلومہ ہولڈرز اور 7 انجینئرز کی بھرتی بھی کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پی پی ایل ہر سال 50 نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے خصوصی تربیت فراہم کرے گا ، سوئی ماڈل سٹی کے تحت روزانہ 10 لاکھ گیلن صاف پانی عوام کو فراہم کیا جائے گا جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے گیس فلیئرنگ کے مقام کو 10 کلومیٹر دور منتقل کیا جائے گا ۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ پی پی ایل ڈیرہ بگٹی کی تمام پرانی سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش کرے گا اور جدید سہولیات فراہم کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پی پی ایل میں تمام بھرتیاں مکمل میرٹ پر ہوں گی اور کسی بھی قسم کی سفارش کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔
ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل رکھنے والے علاقوں کی آمدنی انہی علاقوں پر خرچ کی جائے گی تاکہ مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ یہ معاہدہ سوئی اور بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کی نوید ہے ،حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور کسی بھی رکاوٹ کو ترقی کے سفر میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ حکومت بلوچستان ہر شعبے میں اصلاحات کر رہی ہے، چاہے وہ امن و امان کی بحالی ہو، بنیادی سہولیات کی فراہمی ہو یا تعلیمی شعبے میں بہتری ہو۔ صوبے کے عوام کو بہتر زندگی دینے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ان اصلاحات کے مثبت اثرات جلد واضح ہوں گے ۔